آرمینیا کے سفیرکا استقبال کرتے ہوئے گرینڈ امام نے کہا: ازہر شریف آرمینیا کے ساتھ علمی اور ثقافتی تعاون کا خواہاں ہے۔
گرینڈ امام پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الازہر نے قاہرہ میں آرمینیا کے سفیر جناب کارین گریکورین کا استقبال کیا ہے۔ گرینڈ امام کا کہنا تھا: ازہر شریف عالمی سلامتی اور رواداری جیسی اقدار راسخ کرنے اور تہذیبوں کے مابین تعاون اور مفاہمت قائم کرنے کے لیے بڑی کوششیں صرف کر رہا ہے ، انہوں نے آرمینیا کے ساتھ ثقافتی و علمی تعاون اور تبادلے کے لیے ازہر کی استعداد کار کا بھی اظہار کیا، اور یہ اسکالر شپ دے کر اور جدید مسائل کو ایڈریس کرنے کے لئے آرمینیا میں موجود مسلم ائمہ کو تر بیت دے کر ممکن ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب آرمینیا کے سفیر کا کہنا تھا کہ مصر اور آرمینیا کے تعلقات سالوں پر محیط ہیں، انہوں نے رواداری اور امن عالم کو قائم کرنے کے ضمن میں گرینڈ امام کی فکر اور ازہر شریف کی کاوشوں کو بہت سراہا، اور اسی کا نتیجہ انسانی بھائی چارے کا عظیم معاہدہ ہے جو متحدہ عرب امارات کے دارالخلافہ ابوظہبی میں گزشتہ ماہ فروری میں انجام پایا، انہوں نے اس بات کی تاکید کی کہ امن و رواداری کا جو عالمی پیغام ازہر نے اٹھا رکھا ہے اس میں تمام مذاہب اور قومیں شریک ہیں۔