امام اکبر شیخ الازہر پروفیسر احمد الطیب نے آج بروز منگل الازہر کے صدر دفتر میں ملائیشیا میں مصر کے نئے سفیر رجائی نصر کا استقبال کیا اور ان کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اپنے فرائض میں کامیاب و کامران ہونے کی دعا دی جن میں الازہر اور ملائیشیا کے درمیان مذہبی، علمی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا شامل ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ الازہر کے ملائیشیا کے ساتھ گہرے تاریخی تعلقات ہیں اور جامعہ الازہر میں 7000 سے زائد ملائیشیا کے طلباء زیر تعلیم ہیں جو نہ صرف اپنے ملک کے اچھے نمائندے ہیں بلکہ پابندی اور علوم کی تحصیل کی عمدہ مثال ہیں اور جن کی بدولت ملائشیا اور دنیا بھر میں الازہر کے اعتدال پسند منہج کو فروغ مل رہا ہے۔
ملائیشیا میں مصر کے سفیر نے امام اکبر شیخ الازہر سے ملاقات پر اپنی تعریف اور فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ الازہر ایک نمایاں عالمی مذہبی ہستی ہیں جن کی کاوشوں اور تقاریر کو بین الاقوامی سطح پر بے حد توجہ حاصل ہے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ ملائیشیا میں سفیر کی حیثیت سے اپنے عہدے کے دوران الازہر اور ملائیشیا کے درمیان ثقافتی اور علمی تعلقات کو فروغ دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔