شیخ الازہر کی چاڈ کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم سے ملاقات، دعوتی اور علمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

شيخ الأزهر يستقبل وزير التعليم العالي التشادي.jpeg

امامِ اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف، نے جمہوریۂ چاڈ کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم وسائنسی تحقیق اور فنی تربیت جناب ٹوم اردیمی کا سے ملاقات کی جس میں دونوں فریقوں کے درمیان مشترکہ علمی اور دعوتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

امامِ اکبر نے کہا کہ الازہر کو چاڈ کے ساتھ اپنے مضبوط اور تاریخی تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت الازہر میں چاڈ کے 500 طلبہ مختلف تعلیمی مراحل اور متعدد شعبہ جات میں زیرِ تعلیم ہیں، جن میں اسلامی و عربی علوم کے ساتھ ساتھ طب، فارمیسی، انجینئرنگ، سائنسز اور زراعت بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ الازہر چاڈ کے طلبہ کو 50 مکمل تعلیمی وظائف فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ چاڈ میں الازہر کی نگرانی میں تین تعلیمی ادارے قائم ہیں، جہاں 57 ازہری مبلغین اور اساتذہ تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مزید برآں، الازہر نے حال ہی میں عربی زبان کی تعلیم کے لیے دو مراکز بھی قائم کیے ہیں، تاکہ چاڈ کے عوام کو قرآنِ کریم کی زبان سیکھنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

شیخ الازہر نے اس امر کی تصدیق کی کہ الازہر چاڈ کے طلبہ کے لیے مخصوص تعلیمی وظائف کی تعداد میں اضافے کے لیے پوری طرح تیار ہے، نیز ائمہ کے نئے وفود کی میزبانی بھی کرے گا تاکہ انہیں الازہر کی عالمی اکیڈمی برائے تربیتِ ائمہ و واعظین میں تربیت دی جا سکے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس تربیت کا مقصد دعوتی مہارتوں کو نکھارنا ہے، خصوصاً انتہا پسند جماعتوں کے دلائل کا علمی اور فکری انداز میں رد کرنا جو اسلام کی شبیہ کو مسخ کرنے کی کوشش کرتی ہیں، خاص طور پر بقائے باہمی، اسلام میں خواتین کے حقوق، اور دیگر معاصر مسائل سے متعلق (ان کی مہارتوں کو نکھارنا ہے)۔

 دوسری جانب چاڈ کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم نے شیخ الازہر سے ملاقات پر اپنی مسرت کا اظہار کیا، اور الازہر شریف کو ایک معتبر دینی مرجع اور علم و دانش کی بلند و بالا منارہ قرار دیتے ہوئے اس پر چاڈی عوام کے فخر کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس عظیم تعاون پر اپنی حکومت کی قدر دانی کا بھی اظہار کیا جو الازہر افریقی براعظم، بالخصوص چاڈ کے عوام کے لیے فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تعاون جامع تعلیمی وظائف، چاڈ میں موجود ازہری مبعوثین کے ذریعے علم اور اعتدال پر مبنی ازہری منہج کی ترویج، چاڈی ائمہ اور واعظین کی تربیت، نیز طبی اور دعوتی قافلوں کی صورت میں سامنے آتا ہے جو الازہر چاڈ کے عوام کی مدد اور خدمت کے لیے روانہ کرتا ہے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026