شیخ الازہر نے شامی نژاد ازہری عالم اصولی پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن ہیتو کے انتقال پر تعزیت کی۔
اللہ تعالیٰ کی قضا و قدر پر کامل رضا کے ساتھ، شیخ الازہر شریف پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب نے ، جلیل القدر شامی ازہری عالم پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن ہیتو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جو اصولِ فقہ اور فقہِ شافعی کے اکابر علما میں سے تھے اور ایک علمی و تربیتی خدمات سے بھرپور زندگی گزارنے کے بعد اپنے رب کے حضور حاضر ہوگئے۔
جامعہ الازہر مرحوم کی علمی خدمات کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے یاد کرتا ہے، جو ایک مخلص ازہری عالم کی بہترین مثال تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے ابتدائی دور ہی میں جامعہ الازہر سے وابستہ ہونے کا عزم کیا، چنانچہ کلیۂ شریعہ و قانون میں داخلہ لیا اور مسلسل محنت و قابلیت سے ترقی کرتے ہوئے اصولِ فقہ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد وہ اسلامی علمی ذخیرے اور فقہِ شافعی میں تصنیف ، تدریس اور تحقیق و تأصیل کے اعتبار سے خدمت کرنے والوں میں نمایاں مقام حاصل کر گئے، اور اپنے پیچھے فقہی انسائیکلوپیڈیا اور علم کے متلاشیوں کی نسلیں چھوڑ گئے۔
شیخ الازہر نے مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور عالمِ اسلام میں ان کے چاہنے والوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی علمی خدمات کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے، اور ان کے اہل و عیال کو صبر و سکون نصیب فرمائے۔ {إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ}