شیخ الازہر نے صدر السیسی اور افواجِ مسلحہ کو دسویں رمضان کی فتح کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب، شیخ الازہر شریف نے ،صدر جمہوریہ جناب عبد الفتاح السیسی، مسلح افواج کے سپریم کمانڈر، اور لیفٹیننٹ جنرل اشرف سالم زاہر، کمانڈر ان چیف، وزیرِ دفاع و عسکری پیداوار، نیز افواجِ مسلحہ کے جوانوں اور جمہورِ اہلِ مصر کو دسویں رمضان کی فتح کی 54ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔
الازہر اس بات پر زور دیتا ہے کہ سرزمین کی آزادی اور عزت کی بحالی ایک بہادر فوج اور اصیل قوم کے مخلص عزم کا نتیجہ تھی، جن کی قوتِ ارادی ایک فیصلہ کن لمحے میں یکجا ہوئی۔ مزید برآں، دسویں رمضان کی جنگ ایک لازوال قومی داستان ثابت ہوئی، جس میں بہادری، قربانی اور ایثار کے اعلیٰ ترین معانی رقم کیے گئے، اور اتحاد و استقامت کی ایک منفرد مثال قائم کی گئی، جس نے یہ ثابت کیا کہ مصری فوج جنگ کے وقت وطن کی ڈھال اور چیلنجوں کے مقابلے میں اس کا مضبوط سہارا ہے۔
الازہر مصری عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ دسویں رمضان کی فتح کے جذبے کو محسوس کریں اور خلوص و جاں فشانی کے ساتھ اپنے عزیز وطن مصر کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس بابرکت موقع کو مصر کے لیے مزید ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کا باعث بنائے، اور مصر اور اس کے عوام کو ہر قسم کی آفت اور برائی سے محفوظ رکھے۔