شیخُ الازہر کی چیئرمین جنرل اتھارٹی برائے اطلاعات سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

شيخ الأزهر يستقبل رئيس مجلس إدارة الهيئة العامة للاستعلامات.jpg

عزت مآب امام اکبر   پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخُ الازہر شریف نے بروز بدھ   مشیخۃ الازہر میں مصر کی جنرل اتھارٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین، عزت مآب سفیر علاء یوسف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ازہر شریف کے پیغام کو زیادہ مؤثر انداز میں عام کرنے کے لیے باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
عزت مآب امام اکبر   نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ بامقصد اور ذمہ دار میڈیا کو امت کے اہم مسائل کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے، وطن سے وابستگی کو مضبوط بنانے اور قومی وقار و شناخت کو فروغ دینے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ آپ نے کہا  کہ ازہر شریف ہمیشہ سے مختلف قومی، علمی اور ابلاغی اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے کشادہ دل رہا ہے، تاکہ امن، بقائے باہمی اور مثبت انسانی تعلقات کی اقدار کو فروغ دیا جا سکے، نیز فکری، ثقافتی اور دینی مسائل کے بارے میں معاشرتی آگاہی کو مستحکم کیا جا سکے۔
دوسری جانب، سفیر علاء یوسف نے شیخُ الازہر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی اُن نمایاں اور قابلِ قدر خدمات کو سراہا جو وہ اسلام کی صحیح تعلیمات کو دنیا بھر میں متعارف کرانے اور اس دینِ حنیف کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں اور منفی تصورات کے ازالے کے لیے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ شیخُ الازہر کے بیرونِ ملک، خصوصاً یورپ کے دوروں نے اسلام کی حقیقی، معتدل اور پُرامن تعلیمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جنرل اتھارٹی برائے اطلاعات اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل الازہر کے عظیم دینی و انسانی مشن کی خدمت کے لیے بروئے کار لائے گی، تاکہ اعتدال، رواداری اور انسانی اخوت کی اقدار کو علاقائی اور عالمی سطح پر مزید فروغ حاصل ہو سکے۔

خبروں کو فالو کرنے کے لیے سبسکرائب کریں

تمام حقوق امام الطیب کی ویب سائٹ کے لیے محفوظ ہیں 2026