شیخ الازہر کی طرف سے معروف عالمِ دین، پروفیسر ڈاکٹر محمد المحرصاوی (سابق صدر جامعہ ازہر) کے انتقال پر تعزیت
صبر و احتساب کے ساتھ، جامعہ ازہر کے شیخ، پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب نے اپنے رفیق اور دوست، جلیل القدر عالم دین، پروفیسر ڈاکٹر محمد المحرصاوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم، جامعہ ازہر میں لسانیات کے پروفیسر، ازہر انٹرنیشنل اکیڈمی برائے تربیت ائمہ و وعاظ کے صدر، اور جامعہ ازہر کے سابق سربراہ تھے۔ وہ آج جمعرات کی شام، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں، جو کہ اللہ کی طرف سے روزہ داروں کی مغفرت اور جہنم سے نجات کا وقت ہے، اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
شیخ الازہر نے مرحوم کے متعلق کہا کہ وہ علماء کی عزت و وقار کی عملی مثال تھے، دین، وطن اور ازہر شریف کے لیے مخلص، اور ازہر کے پیغام کو پھیلانے میں ہر ممکن کوشش کرنے والے تھے۔ انہوں نے کئی علمی تصنیفات اور کتب کے ذریعے ازہر کی علمی لائبریری کو مالا مال کیا، جو ہمیشہ محققین اور طلبۂ علم کے لیے قیمتی سرمایہ رہیں گی۔
جامعہ ازہر، مرحوم کی عظیم خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، بیٹوں، بیٹیوں، شاگردوں اور ساتھیوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے، اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب کو صبر جمیل عطا فرمائے، ان کے دلوں کو سکون دے، اور ان کے غم میں تسلی عطا کرے۔
اللہ تعالیٰ اس عالم دین کو اپنی وسیع رحمت، مغفرت اور رضامندی سے نوازے، اور اس ماہِ مبارک میں انہیں جہنم سے نجات پانے والوں میں شامل فرمائے۔
اے اللہ! ہمیں ان کے اجر سے محروم نہ فرما، اور ان کے بعد ہمیں فتنوں سے بچا۔ (بے شک ہم اللہ کے ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں)۔