شیخ الازہر کی صدر السیسی، عرب و اسلامی اقوام کو عید الفطر کی مبارکباد
شیخ الازہر: یہ ہمارے لیے باعثِ رنج ہے کہ ہم عید منائیں جبکہ ہمارے بھائی غزہ میں قابض دشمن کے ظلم کا شکار ہیں
عزت مآب امام اکبر، پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب، شیخ الازہر شریف اور مسلم کونسل آف ایلڈرز کے چیرمین نے صدرِ جمہوریہ جناب عبد الفتاح السیسی، دیگر برادر ملکوں کے بادشاہوں، صدور اور امراء، معزز مصری عوام، اور تمام عرب و اسلامی اقوام کو عید الفطر کی پُرخلوص مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ یہ مبارک موقع امت مسلمہ پر خیر و برکت، یُمن و سعادت کے ساتھ بار بار آئے، اور اللہ تعالیٰ ہماری قوموں پر امن، سلامتی اور استحکام کی نعمتیں ہمیشہ قائم رکھے۔
شیخ الازہر نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے ان مبارک ایام میں اپنے مظلوم بھائیوں کو نہ بھولیں، بالخصوص فلسطین، سوڈان، روہنگیا کے مسلمان اور دنیا بھر کے تمام مظلوم افراد کو۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے اہلِ ایمان کو دعاؤں اور زکٰوۃ میں یاد رکھا جائے، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی جائے کہ وہ ان کے دشمنوں پر فتح عطا فرمائے، ان کے قدموں کو ثبات دے، اور ان کے وطن و زمین کی حفاظت فرمائے۔ بے شک وہی اس پر قادر ہے۔