شیخ الازہر: ہم پیرو کے مسلمانوں کو اسکالرشپ، ائمہ کے لیے تربیتی پروگرام اور عربی زبان سکھانے کے لیے ایک مرکز کے قیام کے ذریعے مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بروز جمعرات،عزت مآب امام اکبر پروفیسر ڈاکٹر احمد طیب شیخ الأزہر، نے مشیخة الأزہر میں پیرو کے سفیر خوسيه خیسوس کا استقبال کیا۔
عزت مآب امام اکبر نے اس بات کی تاکید کی کہ الأزہر شریف پیرو میں مسلم کمیونٹی کی حمایت کے لیے تیار ہے، اور اس مقصد کے لیے پیرو کے مسلمانوں کے لیے مخصوص اسکالرشپس فراہم کرنے، انہیں جامعة الأزہر میں داخلہ دلانے، پیرو کے ائمہ کو الازہر انٹرنیشنل اکیڈمی تربیت برائے ائمہ و مبلغین میں تربیت دینے اور پیرو میں قرآن کی زبان سیکھنے کے لیے عربی زبان کے تعلیمی مرکز کے قیام کے لیے تیار ہے۔ یہ اقدامات پیرو کے مسلمانوں کی دینی تعلیمات کو مضبوط بنانے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ان کی معاونت کے لیے کیے جائیں گے۔
پیرو کے سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شیخ الأزہر سے ملاقات پر خوش ہیں اور ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں جو وہ امن کے قیام اور مختلف مذاہب کے درمیان بھائی چارہ اور مکالمے کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کر رہے ہیں۔ انہوں نے الأزہر کی "امن کا کارواں" مہم کی تعریف کی، جس کے ذریعے شیخ الأزہر نے مشرق و مغرب میں امن کے پیغام کو پھیلایا۔ سفیر نے مزید کہا کہ وہ پیرو کے مسلمانوں کے لیے شیخ الأزہر کی طرف سے پیش کردہ اسکالرشپس، ائمہ کی تربیت کے پروگرامز اور عربی زبان کے تعلیمی مرکز کی تجویز کی قدر کرتے ہیں، اور اس میں شیخ الأزہر کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔